
اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی تین ارکان اسمبلی کی نااہلی کے لیے دائر درخواستیں خارج کردیں ۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی ایم این اے طاہرہ بخاری اور شائستہ پرویز نے پی ٹی آئی ارکان کنول شوذب، ملائیکہ بخاری اور تاشفین صفدر کی نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کی تھیں۔لیگی رہنماؤں کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ کنول شوذب نے الیکشن کمیشن میں داخل کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی ہے جبکہ ملائیکہ بخاری اور تاشفین صفدر کی دہری شہریت پر نااہلی کی استدعا کی گئی تھی۔ ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے ان اراکین اسمبلی کی اہلیت کو چیلنج کرنے کے لیے دائر 3 درخواستوں پر دسمبر میں فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے منگل کو سنایا گیا۔




