مصباح کو کوچنگ کی الف کا بھی نہیں پتا،عامر سہیل

0 32

لاہور: آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی20ٹیم کے انتخاب کے بعد چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق ان دنوں شدید تنقید کی زد میں ہیں ۔سابق کپتان عامر سہیل نے کہا ہے کہ کمال کی بات ہے، وہ مصباح الحق جنہیں کوچنگ کی الف نہیں آتی، احسان مانی صاحب نے انہیں تین سال کا کنڑیکٹ تھما دیا۔ جس کوچ نے سری لنکا کے خلاف ٹیم کو نہیں کھلایا، اس سے آپ آسٹریلیا میں کیا توقعات رکھ سکتے ہیں۔ماضی میں پی سی بی کے ڈائریکٹر گیم ڈیویلپمنٹ رہنے والے عامر سہیل جو اپنے بے باک انداز اور کھرے پن کے سبب کرکٹ کے حلقوں میں اپنا ایک منفرد انداز رکھتے ہیں، کہتے ہیں مصباح الحق نے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بنتے ہی سب سے پہلے فٹنس کا نعرہ لگا دیا، ذرا کوئی ان سے پوچھے سری لنکا سیریز سے پہلے انہوں نے لڑکوں کو بھگا بھگا کر نڈھال کردیا تھا، کوئی ان سے سوال کر سکتا ہے کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا؟عامر سہیل نے مزید کہا کہ کیا مصباح نے لڑکوں کو اولمپکس میں دوڑانا ہے، کوچنگ میں آپ کو تکنیک پر کام کرنا ہوتا ہے، جو آپ سے ہو نہیں رہا، چوں کہ مصباح الحق بھلے کوچنگ کے بارے میں جانتے ہی کیا ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو وسیم خان پر کیا تنقید کروں، اسے یہاں کی کرکٹ کے حوالے سے کچھ پتہ ہی نہیں ،دراصل یہاں سب کو اپنا مفاد عزیز ہے، اسی لیے بورڈ کی کوئی سمت ہی نہیں ہے، ڈائریکٹر بین الاقوامی کرکٹ ذاکر خان کی اب بورڈ میں چوہدراہٹ ہے، کیوں کہ پورا پاکستان جانتا ہے کہ ان کے پیچھے کون ہے؟عامر سہیل کا کہنا تھا کہ چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کی وسیم خان کے آنے کے بعد بورڈ میں جگہ نہیں بنتی، ان سب باتوں کے بعد بھلا میں کیسے ایسے بورڈ میں کام کرسکتا ہوں، جہاں میرٹ پر نا تو کام ہورہا ہے نا لوگوں کو رکھنے اور نکالنے کا کوئی پیمانہ ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.