برطانوی وزیر اعظم کا 12 دسمبر کو عام انتخابات کرانے کا مطالبہ

0 31

لندن: برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے بریگزٹ میں تعطل کو ختم کرنے کے لیے 12 دسمبر کو عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا۔بورس جانسن نے اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے رہنما جیریمی کوربن کو خط لکھ کر کہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کو بریگزٹ معاہدے کی منظوری کے لیے مزید وقت دینے کو تیار ہیں، تاہم قانون ساز ان کے دسمبر میں انتخابات کرنے فیصلے کا ساتھ دیں۔خیال رہے کہ ایک ہفتے قبل برطانیہ، یورپی یونین سے علیحدگی اختیار کرنے کے قریب تر ہوگیا تھا تاہم پارلیمنٹ نے بورس جانسن کو بریگزٹ میں مزید وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔بورس جانسن نے بارہا کہا ہے کہ وہ ایسا نہیں چاہتے تاہم انہیں ملک کی منتشر پارلیمنٹ کی جانب سے تاخیر کے لیے زور دیا جارہا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بریگزٹ کے معاملے پر ڈیڈلاک کو ختم کرنے کے لیے انتخابات واحد راستہ نظر آرہے ہیں جہاں پارلیمنٹ نے ان کے معاہدے کو منظور کرنے کے منٹوں بعد اس کے ٹائم ٹیبل کو مسترد کردیا تھا جو ان کی اکتوبر 31 کی ڈیڈ لائن سے مطابقت رکھتی تھی۔تاہم وہ پارلیمنٹ میں انتخابات کے لیے 2 مرتبہ ووٹنگ ہار چکے ہیں جہاں انہیں 650 قانون سازوں میں سے 2 تہائی کی اکثریت درکار ہے۔مرکزی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی نے متعدد مرتبہ کہا ہے کہ وہ صرف اس وقت انتخابات کی حمایت کرے گی جب اس بات کی یقین دہانی کرائی جائے گی کہ برطانیہ کو یورپی یونین سے بغیر معاہدے کے الگ نہیں کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.