موجودہ حکومت عوام کی منتخب کردہ نہیں بلکہ عوام دشمن حکومت ہے ‘اختر حسین لانگو چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی
کو ئٹہ: پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین اختر حسین لانگو نے کوئٹہ میں طلباء و طالبات کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے بلوچستان کی روایات کو پامال کرتے ہوئے یہ ثابت کردیا کہ موجودہ حکومت عوام کی منتخب کردہ نہیں بلکہ عوام دشمن حکومت ہے جس کی بی این پی مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ طلباء و طالبات کو فوری طور پر رہا کیا جائے اگر ایسا نہ کیا گیا تو بی این پی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر بھر پور احتجاج کرے گی ۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوںنے کہا ہے کہ گزشتہ روز طلباء و طالبات جو اپنے جائز مطالبات کے لئے پرامن احتجاج کررہے تھے کو موجودہ حکومت کے کہنے پر پولیس نے معصوم اور نہتے طلباء و طالبات کو تشدد کا نشانہ بنا تے ہوئے گرفتار کرکے مختلف تھانوں منتقل کردیا جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صوبے اور پشتون و بلوچ روایات کو پامال کرتے ہوئے یہ ثابت کردیا کہ یہ منتخب کردہ حکومت نہیں ہے اگر منتخب حکومت ہوتی تو جمہوری طرز احتجاج کرنے والوںکے خلاف اس طرح کی اقدامات نہ اٹھاتی ۔ انہوںنے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی حکومت کی اس اقدام کے خلاف بھر پور احتجاج کرے گی ۔