محکمہ معدنیات بلوچستان کرپشن اسکینڈل ‘ ڈپٹی ڈائر یکٹر محکمہ معدنیات سمیت 2 مزید افراد گرفتار

0 30

کو ئٹہ: محکمہ معدنیات بلوچستان کرپشن اسکینڈل ، ڈپٹی ڈائر یکٹر محکمہ معدنیات سمیت دو مزید افراد گرفتار، ملزمان ریمانڈ پر نیب کے حوالے ، ٹوٹل گرفتار ملزمان کی تعداد 6 ہو گئی، تحقیقات کا دائر ہ مزید پھیلا دیا گیا ، مزید گرفتاریاں متوقع ہے ۔محکمہ معدنیات بلوچستان کرپشن اسکینڈل میں اہم پیش رفت نیب بلوچستان نے ڈپٹی ڈائر یکٹر محکمہ معدنیات محمد زمان سمیت دو مزید افراد کو گرفتار کر لیا، ملزمان ریمانڈ پر نیب کے حوالے ، ٹوٹل گرفتار ملزمان کی تعداد 6 ہو گئی، مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔قومی احتساب بیورو بلوچستان نے گزشتہ روز قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نا قابلِ تلافی نقصان پہنچانے کے الزام میں محکمہ معدنیات بلوچستان کے ملازم امتیاز حسین جمالی ، ایف بی آر کے ملازم زین جبران، کول کمپنی کے مالک عاصم اکبر خان اور بشیر محمد کو کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا تھا ۔کیس میں مزید پیش رفت کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائر یکٹر محکمہ معدنیات محمد زمان اور نواز کو بھی گرفتار کر کے احتساب عدالت کے جج منور شاہوانی کی عدالت میں پیش کیا گیا، احتساب عدالت کے جج نے اب تک کی تحقیقات اور شواہد کی روشنی میں ملزمان کو 12 روز کے ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ واضح رہے نیب بلوچستا ن نے سورس رپورٹ کی بنیاد پر مسلم کول کمپنی کے خلاف تحقیقات شروع کیں توسرکاری اعداد و شمار کے تفصیلی جائزے کے بعد انکشاف ہو اکہ مسلم کول کمپنی کے مالک عاصم اکبر خان نے محکمہ معدنیات سے لیز حاصل کئے بغیر غیر قانونی طور پربلوچستان کے مختلف علاقوں سے 2017-2018کے دوران کروڑوں روپے کا کوئلہ نکال کر فروخت کیا۔ مزید براں محکمہ معدنیات کرپشن کیس کے اہم کردار ایف بی آر کے ملازم زین جبران نے مسلم کول کمپنی سمیت مختلف کوئلہ کمپنیوں سے غیر قانونی معاہدے کئے۔محکمہ معدنیات کے کروڑوں روپے مالیت کے اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد نیب بلوچستان نے قومی خزانے کو لوٹنے والے دیگر مہروں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کر دیا ہے ، اس سلسلے میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.