جمہوری طریقے سے حکومت کو گھر بھیجنے کی کوشش کرنی چاہئے ، خورشید شاہ
اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مجھے ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا کہ مجھے کیوں جیل میں ڈالا گیا، میرا کیا قصور تھا؟ آمدن سے زائد اثاثے خود ڈھونڈ رہا تھا مجھے مل جائیں تو سب حکومت کو دے دوں گا خود ایک فیصد رکھوں گا۔ ایک انٹرویومیں خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت مجھے سیاست سے آو¿ٹ کرنا چاہتی تھی، اس لیے حراست میں رکھا، اگر میں جیل سے باہر ہوتا تو پوری کوشش کرتا کہ اپوزیشن کا اتحاد نہ ٹوٹے، جب بھی کوئی اتحاد ٹوٹتا ہے اس کا نقصان جماعتوں کو کم ملک کو زیادہ ہوتا ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ اپنے دور میں نیب قوانین پر اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی، اس وقت معلوم نہیں اپوزیشن نیب قوانین میں ترامیم سے کیوں پیچھے ہٹی۔ملکی خارجہ پالیسی پر بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ملک کی اس وقت کی خارجہ پالیسی کمزور ترین پالیسی ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ اپوزیشن کو پہلے اپنا گھر مضبوط کرنا چاہیے، جمہوری طریقے سے حکومت کو گھر بھیجنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا کو آزادی سے کام کرنے دیا جائے، سیاست دانوں سے زیادہ دباو¿ میڈیا نے برداشت کیا۔