کم معاوضوں پر تنازع،بنگلہ دیشی کرکٹرز نے بورڈ کے خلاف بغاوت کردی

0 30

ڈھاکہ: بنگلہ دیشی کرکٹرز نے اپنے کرکٹ بورڈ کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے کرکٹ کے معاملات میں بہتری تک مستقبل قریب میں کسی بھی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔ملک میں کرکٹ کے نظام اور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے فرنچائز کے ماڈل کے سلسلے میں کھلاڑیوں اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان تنازع جاری ہے جہاں کھلاڑیوں کی اوسط آمدنی اب تک کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔کھلاڑیوں کے تحفظات میں اس وقت زیادہ اضافہ ہوا جب رواں ماہ کے آغاز میں شروع ہونے والے فرسٹ کلاس سیزن کے لیے کھلاڑیوں کے معاوضے میں اضافہ نہیں کیا گیا۔بنگلہ دیشی کرکٹرز نے ٹیم کے اسٹار کھلاڑیوں شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم کی سربراہی میں ایک پریس کانفرنس کا اعلان کرتے ہوئے غیر معینہ مدت تک ہڑتال پر جانے کا اعلان کیا اور اپنے 11مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی منظوری تک کرکٹ کی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیں گے۔ڈھاکا کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کی گئی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شکیب الحسن نے کہا کہ انڈر 19 اور دیگر عمر کی ٹیموں کے علاوہ تمام طرح کی فرسٹ کلاس اور نیشنل ٹیمیں اس ہڑتال کا حصہ ہیں اور ان چیزوں کا مطالبہ کرتی ہیں۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری نے کہا کہ جب تک یہ معاملہ رسمی طور پر بورڈ کو پیش نہیں جاتا، اس وقت تک بورڈ اس معاملے پر کوئی ردعمل نہیں دے سکتا۔شکیب نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں امید ہے کہ بورڈ ہمارے مطالبات کو منظور کرے گا اور ہم سے مذاکرات کرے گا، مطالبات پورے ہونے کے بعد ہم اپنی سروسز کا آغاز کر دیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.