جنوبی افریقہ کو آخری ٹیسٹ میں بھی اننگز اور 202رنز سے شکست،بھارت نے سیریز میں کلین سوئپ کردیا
رانچی: بھارت نے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو اننگز اور 202رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کردیا، بھارتی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت جنوبی افریقن ٹیم فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں 133رنز پر ڈھیر ہوگئی اس کے 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے، تھیونس ڈی برائن 30رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، بھارت کی طرف سے محمد شامی نے تین، امیش یادیو اور اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے شہباز ندیم نے دو،دو جبکہ روندرا جدیجا اور روی چندرن ایشون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، روہت شرما کو شاندار کارکردگی پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، میچ کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہوگیا، بھارت نے مسلسل 11ویں ہوم ٹیسٹ سیریز جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے، آخری مرتبہ پروٹیز کو دو یا دو سے زیادہ ٹیسٹ میچز میں اننگز سے شکست کا سامنا 1935میں آسٹریلیا کے خلاف کرنا پڑا تھا۔منگل کو رانچی ٹیسٹ کے چوتھے روز جنوبی افریقہ نے فالو آن کے بعد دوسری ادھوری اننگز 132 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو تھیونس ڈی برائن 30 اور اینرچ نورجے 5رنز پر کھیل رہے تھے۔ تھیونس ڈی برائن اپنے گزشتہ روز کے سکور میں اضافہ کئے بغیر شہباز ندیم کی گیند پر ساہا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، انکے بعد نگیدی پروٹیز ٹیم کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے شہباز ندیم کی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔اینرچ نورجے بھی اپنے گزشتہ روز کے انفرادی سکور میں اضافہ نہ کرسکے تاہم وہ 5 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے اور یوں جنوبی افریقن ٹیم فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں 133 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بھارت نے پروٹیز کو میچ میں اننگز اور 202 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز کلین سوئپ کرلی۔ بھارت کی طرف سے محمد شامی نے تین، امیش یادیو اور اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے شہباز ندیم نے دو،دو جبکہ روندرا جدیجا اور روی چندرن ایشون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ روہت شرما کو شاندار کارکردگی پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔