مسائل سے نجات کا واحد حل پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ ہے ، بلاول بھٹو زرداری
اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گیس کی قلت پرتشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ گیس بحران سمیت دیگر عوامی مسائل سے نجات کا واحد حل پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے اور وزراء گیس بحران کے حل کے بجائے مناظروں کے چیلنج میں مصروف ہیں۔عمران خان مسلسل بحرانوں کو جنم دے کر عوام کے لئے مشکلات پیدا کررہے ہیں۔گیس بحران کی وجہ سے ایک وقت کے کھانے کے لئے دربدر شہریوں سے معافی مانگیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر حکومت بروقت ایل این جی منگوالیتی تو آج یوں ملک میں گیس کی قلت نہ ہوتی۔ پیپلزپارٹی کی حکومت کے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو آج مکمل کرلیا جاتا تو ملک کو توانائی کے بحران کا سامنا نہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک جانب عمران خان نے گیس کی قیمتوں میں سینکڑوں فیصد اضافہ کیا جبکہ دوسری جانب مہنگی گیس بھی عوام کی پہنچ سے دور کردی ہے۔گیس بحران سے نمٹنے میں حکومتی نااہلی کی وجہ سے آج صنعتیں اپنے برآمدی آرڈرز تک پورے نہیں کرپارہیں۔ عوام کو درپیش مسائل سے نجات کاواحد حل پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ ہے