روس کا امریکا پر حساس تنصیبات کی جاسوسی کا الزام

0 34

ماسکو: روس نے امریکا پر حساس دفاعی تنصیبات کی جاسوسی کا الزام عائد کیا ہے،3ملٹری اتاشیوں کی جانب سے غیر متعلقہ جگہ پر جانے کی تازہ ترین کوشش 14اکتوبر کو کی گئی،سفارتکاروں کو 25میل سے زیادہ سفر کرنے سے پہلے انہیں متعلقہ حکام کو آگاہ کرنا ضروری ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا کے ملٹری اتاشی مستقل بنیادوں پر روسی دفاعی تنصیبات کے اندر گھسنے کی کوشش کرتے رہے۔روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ تازہ ترین کوشش 14 اکتوبر کو اس وقت کی گئی جب امریکا کے تین ملٹری اتاشیوں نے روس کے شمالی شہر ارخنگلیس میں شوٹنگ گرائونڈ کے پاس جانے کی کوشش کی تاہم انہیں اجازت نامہ نہ ہونے کی وجہ سے وہاں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ماریہ زخارووا نے روس اور امریکا کے درمیان سفارتکاروں کے دوروں کے معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 25 میل سے زیادہ سفر کرنے سے پہلے انہیں متعلقہ حکام کو آگاہ کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی ملٹری اتاشیوں نے غیر متعلقہ جگہوں پر جانا معمول بنا لیا ہے اور وہ قواعد و ضوابط کو مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں۔ترجمان روسی دفتر خارجہ نے امریکی شہری کی گرفتاری کی خبر کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت روس کے زیر حراست 22 امریکی ہیں جنہیں فراڈ، چوری، ڈرگ اسمگلنگ اور جنسی زیادتی سے متعلق کیسوں میں گرفتار کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ روسی شہریوں کے تبادلے کے عوض امریکیوں کی گرفتاری کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور پال وہیلن نامی امریکی شہری کو انٹیلی جنس معلومات اکٹھی کرنے پر گرفتار کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.