کشمور میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ بڑا آپریشن، مزاری گینگ کے خلاف کارروائی — پانچ ملزمان گرفتار، اسلحہ اور موٹر سائیکلیں برآمد

14

لاڑکانہ | 17 اکتوبر 2025

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
ڈی آئی جی پولیس لاڑکانہ رینج ناصر آفتاب کی ہدایت پر کشمور پولیس اور رینجرز نے بدنام زمانہ مزاری گینگ کے خلاف ایک انٹیلیجنس بیسڈ (خفیہ اطلاعات پر مبنی) مشترکہ آپریشن کیا، جس میں اہم کامیابی حاصل ہوئی۔

یہ آپریشن ایس ایس پی کشمور محمد مراد گھانگھرو کی سربراہی میں تھانہ کشمور کی حدود آر ڈی 82 کے قریب کیا گیا۔ کارروائی میں پولیس، رینجرز، سی آئی اے، مددگار فورس، اے پی سی چین یونٹس سمیت جدید ٹیکنالوجی اور نگرانی کے آلات کا بھرپور استعمال کیا گیا۔

آپریشن کے دوران پانچ مشتبہ جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ سات موٹر سائیکلیں اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا۔ برآمد شدہ اسلحہ میں دو عدد رپیٹرز، ایک شاٹ گن، ایک رائفل اور کثیر تعداد میں ایمونیشن شامل ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق، کارروائی کے دوران رینجرز اور پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے ٹھکانوں کا گھیراؤ کیا، خفیہ ٹھکانے تباہ کیے اور علاقے کو کلیئر کر دیا۔ مزید سرچ اور کلیئرنس آپریشن علاقے میں جاری ہے تاکہ کسی بھی جرائم پیشہ گروہ کو دوبارہ قدم جمانے کا موقع نہ ملے۔

ڈی آئی جی نے کشمور پولیس اور رینجرز کی جرأت، پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ منظم جرائم پیشہ گروہوں اور ڈاکوؤں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ لاڑکانہ رینج پولیس تب تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک علاقے سے ہر قسم کا جرائم پیشہ عنصر ختم نہیں ہوجاتا اور کشمور سمیت آس پاس کے تمام اضلاع میں امن و امان مکمل طور پر بحال نہیں ہو جاتا۔

Comments are closed.