اے این ایف کا ملک گیر کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 5 ملزمان گرفتار، 3 کروڑ 63 لاکھ روپے مالیت کی 136 کلوگرام منشیات برآمد
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد | 17 اکتوبر 2025
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے ملک کے مختلف حصوں میں بیک وقت آپریشنز کیے، جن میں تعلیمی اداروں کے اطراف بھی شامل ہیں۔ کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 3 کروڑ 63 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 136.82 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کی روک تھام کے لیے کارروائی کے دوران سیکٹر H-9 اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب ایک گاڑی سے 380 گرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
دوسری کارروائی باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کی گئی، جہاں اے این ایف نے شارجہ جانے والے ایک مرد اور خاتون کو حراست میں لیا۔ تلاشی کے دوران دونوں کے پیٹ سے 134 ہیروئن بھرے کیپسولز (وزن 690 گرام) برآمد ہوئے۔ دونوں اسمگلرز کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔
ملکی سطح پر منشیات کے خلاف کارروائی کے تحت جی ٹی روڈ اٹک پر حاجی شاہ بس اسٹاپ کے قریب ایک مسافر کے قبضے سے 500 گرام افیون برآمد ہوئی جبکہ سی پیک روڈ پنجگور پر فیکٹری کے قریب ایک ٹرک سے 135 کلوگرام آئس (میٹھ) برآمد کر کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا۔
اسی طرح بین الصوبائی کارروائی کے دوران شاہ شمس تبریز ٹول پلازہ، ملتان کے قریب ایک مسافر کے سامان میں موجود شاپنگ بیگ سے 250 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
ترجمان کے مطابق تمام کارروائیوں کے مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ منشیات فروشی کے نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں تک بھی پہنچا جا سکے۔
اے این ایف کے ترجمان نے واضح کیا کہ فورس منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشوں کے خلاف کڑی کارروائیاں جاری رکھے گی تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے زہر سے محفوظ رکھا جا سکے۔
Comments are closed.