سوات موٹروے پر المناک حادثہ — ایک ہی خاندان کے 15 افراد جاں بحق، 8 زخمی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا اظہارِ افسوس

18

سوات / ملاکنڈ، 16 اکتوبر 2025:
سوات موٹروے کے ٹنل نمبر 3 کے قریب ایک المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں ٹرک الٹنے سے سوات کی تحصیل بحرین کے علاقے گبرال سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 15 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے۔ جاں بحق اور زخمیوں میں مرد، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ملاکنڈ کی میڈیکل ریسپانس ٹیم ایمبولینسوں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی۔ موٹروے پولیس اور امدادی عملہ بھی جائے وقوعہ پر موجود تھا اور امدادی کارروائیوں میں بھرپور حصہ لیا۔

مشترکہ آپریشن کے دوران موٹروے پولیس نے بعض زخمیوں اور لاشوں کو اپنی گاڑیوں کے ذریعے ڈی ایچ کیو اسپتال بٹخیلہ منتقل کیا جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے باقی متاثرہ افراد کو بھی اسپتال پہنچایا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی جبکہ 8 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ ان میں سے چار شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث سوات ریفر کیا گیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام افراد ایک خانہ بدوش خاندان سے تعلق رکھتے تھے جو مختلف علاقوں میں موسمی طور پر نقل مکانی کرتے تھے۔ حادثہ نہایت سنگین نوعیت کا تھا تاہم ریسکیو 1122 ملاکنڈ کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے باعث مزید جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔

دوسری جانب، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

اسی طرح وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے بھی حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی دلخراش سانحہ ہے جس نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔

انجینئر امیر مقام نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا کرے، اور متاثرہ خاندانوں کو صبرِ جمیل دے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے۔

Comments are closed.