خوراک تک آسان رسائی ہر انسان کا بنیادی حق ہے، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 16 اکتوبر 2025ء:
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عالمی یومِ خوراک کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خوراک تک آسان اور منصفانہ رسائی ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ خوراک کا اس سال کا موضوع — “بہتر خوراک اور بہتر مستقبل کے لیے ہاتھوں میں ہاتھ” — انتہائی معنی خیز ہے، جو اس حقیقت کی نشاندہی کرتا ہے کہ بہتر مستقبل کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ خوراک کی کمی ایک عالمی چیلنج بن چکی ہے، جس سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پائیدار زرعی پالیسیوں کے بغیر غذائی خودکفالت ممکن نہیں، اور غذائی خودانحصاری ہی مضبوط معیشت کی بنیاد ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ حکومت، پارلیمان اور عوام کو غذائی قلت کے خاتمے کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ اسپیکر نے کہا کہ کسانوں کو بااختیار بنانا، زراعت کے جدید طریقے اپنانا اور غذائی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں زرعی پیداوار کو متاثر کر رہی ہیں، لہٰذا ان کے تدارک کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت موسمیاتی لحاظ سے موزوں کاشتکاری اور جدید آبپاشی کے نظام کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ بنجر زمینوں کو دوبارہ آباد کیا جا سکے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارلیمان غذائی تحفظ سے متعلق قانون سازی اور اصلاحات کے لیے پرعزم ہے اور ملک کو غذائی لحاظ سے خودمختار بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
Comments are closed.