
اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہنا وزیراعظم عمران خان کو بطور رہبر امت مسلمہ ممتاز کرتا ہے،پاکستان برادر اسلامی ممالک کے درمیان اخوت اور ہم آہنگی کے فروغ کا خواہاں ہے، مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب پاکستان کے ساتھ ہے اور پاکستان بھی سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایران کے بعد سعودی قیادت کا خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن و استحکام کے فروغ کیلئے وزیراعظم کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہنا وزیراعظم عمران خان کو بطور رہبر امت مسلمہ ممتاز کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برادر اسلامی ممالک کے مابین جذبہ اخوت اور ہم آہنگی کے فروغ کا خواہاں ہے جبکہ امت مسلمہ کا باہمی اتحاد و اتفاق خطے میں امن اور معاشی استحکام کا ضامن ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی قیادت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال ،مواصلاتی پابندیوں اور مسلسل لاک ڈائون سے آگاہ کیا جبکہ کرفیو کو 73روز ہو گئے ہیں اور 80لاکھ سے زائد کشمیری گھروں میں محصور ہیں، وادی جنت نظیر جیل میں بدل چکی ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسلہ کشمیر پر سعودی عرب نے اپنی حمایت کے عزم کا اعادہ اور تنازعہ کے پر امن طریقے سے حل پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورے سے پاک سعودی باہمی اعتماد میں اضافہ ہو گا اور مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہو گا۔(اح+م ا)




