
اسلام آباد : پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہدشمن کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، پاکستان کے عوام اور مسلح افواج مادر وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں ، بھارتی وزیر دفاع کا بیان پاکستان مخالف ، انتہا پسندی اور طاقت کے نشے میں چُور سوچ کی عکاسی کرتاہے ۔منگل کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کا بیان اشتعال انگیز ہے، پاکستان بھارتی وزیر دفاع کے بیانات کی شدید مذمت کرتا ہے ، بھارتی وزیر دفاع کا بیان بی جے پی حکومت کے ذہن کی عکاسی کرتا ہے ، ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان پاکستان مخالف ، انتہا پسندی اور طاقت کے نشے میں چُور سوچ کی عکاسی کرتاہے ، بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ انداز میں ایک خود مختار ریاست کو توڑنے کی دھمکیاں دیتا ہے ،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اورعوام مادر وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں اور دشمن کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، یاد رہے کہ بھارتی وزیر دفاع نے بھارتی شہر ہریانہ میںانتخابی ریلی میں اشتعال انگیز بیانات دیئے تھے ۔



