وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے تمام مراحل میں شفافیت اور معینہ مدت میں عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت

16

اسلام آباد۔14اکتوبر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے تمام مراحل میں شفافیت اور معینہ مدت میں عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جناح میڈیکل کمپلیکس جدید اور تمام سہولیات سے آراستہ ہسپتال ہو گا جہاں عوام کو بین الاقوامی معیار کی علاج معالجہ کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے منگل کو جاری بیان کے مطابق اجلاس کو جناح میڈیکل کمپلیکس و ریسرچ سینٹر کی تعمیر میں پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے ڈیزائن کنسلٹنٹ کا انتخاب کر لیا گیا ہے اور کنٹریکٹ کے حوالے سے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ساتھ رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، منصوبے کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے لئے ماہرین کے انتخاب کے حوالے سے اشتہار جلد جاری کیا جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے چیف ایگزیکٹو افسر کی تعیناتی کے لئے وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔ منصوبے کی جیو ٹیک سٹڈی مکمل کی جاچکی ہے جبکہ ہائیڈرولوجی اور سیسمک سٹڈیز نومبر میں مکمل کرلی جائیں گی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطائ اللہ تارڑ ، وزیر مملکت برائے قومی صحت مختار احمد بھرتھ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی

Comments are closed.