نوابزادہ میر زرین مگسی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں منعقدہ تین روزہ بلوچستان گرینڈ ٹورزم فیسٹیول میں عوام کی غیر معمولی شرکت سے ان کے حوصلے بلند ہوئے ہیں

18

پارلیمانی سیکرٹری برائے ثقافت، سیاحت و آثارِ قدیمہ نوابزادہ میر زرین مگسی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں منعقدہ تین روزہ بلوچستان گرینڈ ٹورزم فیسٹیول میں عوام کی غیر معمولی شرکت سے ان کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، اور وہ اپنی ٹیم کے ساتھ بلوچستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے مزید متحرک کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کے کامیاب انعقاد سے یہ ثابت ہوا ہے کہ بلوچستان امن، ثقافت، محبت اور مہمان نوازی کی سرزمین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایونٹ محض ایک تقریب نہیں بلکہ ایک تسلسل کا آغاز ہے، جسے آئندہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی منعقد کیا جائے گا تاکہ بلوچستان کا مثبت، پرامن اور خوشحال چہرہ اجاگر کیا جا سکے۔

نوابزادہ زرین مگسی نے کہا کہ وہ ایک ایسی جامع پالیسی مرتب کر رہے ہیں جس کے تحت سیاحت کے فروغ کے لیے شروع کیے گئے منصوبے مستقل بنیادوں پر جاری رہیں گے، تاکہ مستقبل میں جو بھی حکومت یا قیادت آئے وہ انہی پالیسیوں کو آگے بڑھا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ سے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے، جس سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو بھی تقویت ملے گی۔ نوابزادہ زرین مگسی نے وزیرِاعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وفاقی وزیر برائے تجارت و کامرس جام کمال خان، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، صوبائی وزیرِ ریونیو میر عاصم کرد گیلو، رکن قومی اسمبلی جمال خان رئیسانی، افتاب رانا، لوک ورثہ اسلام آباد کے اعلیٰ حکام، حکومت بلوچستان کے دیگر محکموں اعلی حکام جنہوں نے فیسٹیول میں سٹالز لگائے اور محکمہ ثقافت، سیاحت و آثارِ قدیمہ بلوچستان کے افسران — سیکرٹری سہیل الرحمن بلوچ، ڈائریکٹر ثقافت ڈاکٹر داؤد خان ترین، ڈائریکٹر سیاحت ہاشم کھیتران، ڈائریکٹر آثارِ قدیمہ جمیل بلوچ — سمیت پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے فیسٹیول کامیابی سے ہمکنار ہوا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو اپنی ثقافت، روایات اور مثبت اقدار دنیا کے سامنے پیش کرنی چاہئیں، کیونکہ یہی صوبے کا اصل تشخص ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 25 سال بعد بلوچستان کا تھیٹر دوبارہ زندہ ہوا ہے، جو فیسٹیول کی ایک تاریخی کامیابی ہے اور صوبے میں فنونِ لطیفہ کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

Comments are closed.