
گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہاکہ صوبے میں تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنے اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کی مجموعی کارکردگی میںبہتری لانے کیلئے مختلف اقدامات اُٹھا ئے جا رہے ہیں.سرکاری یونیو رسٹیوں کو بسوں اور کوسٹرز کی فراہمی سے یونیورسٹی اسٹاف اور طلباء و طالبات کے قیمتی وقت و توانائی کا ضائع نہیں ہو گا اور ضروری سہولیات کی فراہمی سے ادارے کی مجموعی کارکردگی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز صاحبان و رجسٹرارز کو بسیں، کوسٹرز اور ایمبولینس کی فراہمی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال، خضدار انجینئرنگ یو نیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر احسان کاکڑ، یو نیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر ، یونیورسٹی آف لورالائی کے وائس چانسلر پروفسیر ڈاکٹر مقصود احمد اور میر چاکر خان رند یونیو رسٹی سبی کے وائس چانسلر ڈاکٹر علی نواز مینگل سمیت سردار بہادر خان وویمن یونیو رسٹی کی رجسٹر ار ڈاکٹر انجم اور لسبیلہ یونیورسٹی کے رجسٹرار بھی موجود تھے. گورنر بلوچستان نے نئی بسوں ، کوسٹرز اور ایمبولینس کی چا بیاں یونیورسٹی کے وائس چانسلرز اور رجسٹراز کے حوالے کی.




