
کراچی: پاکستانی ٹیم دوسرے سوکا ورلڈکپ میں شرکت کے لیے کراچی سے یونان روانہ ہوگئی ہے۔پاکستان سوکا ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے کراچی سے اومان ایئرلائنز کے زریعہ براستہ مسقط روانہ ہوئی۔ کراچی ایئرپورٹ پر سوکا ٹیم کو رخصت کرنے کے لیے مداحوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔40ٹیموں پر مشتمل ایونٹ میں قومی ٹیم کو گروپ ایچ میں رکھا گیا ہے جو اپنا پہلا میچ 14اکتوبر کو سلووینیا کے خلاف کھیلے گی، قومی ٹیم 15اکتوبر کو رومانیہ، 16اکتوبر کو جرمنی اور 17اکتوبر کو ہنگری کے خلاف میدان میں اترے گی۔دوسرا سوکا ورلڈ کپ 12تا20اکتوبر تک یونان کے شہر کریٹ میں کھیلا جائے گا، کراچی سے روانہ ہونے والے کھلاڑیوں میں کریم کیرائے، حبیب الرحمن، محمد وحید، عفان صدیقی، دانیال مرزا اور میران سیفی شامل ہیں جب کہ محمد علی، شعبان، عرفان خان، علی حیدر، شہاب رضا، یوسف بٹ اور حسن بشیر کریٹ میں ہی ٹیم کو جوائن کریں گے۔ٹیم کے ہمراہ سید اسحق شاہ، چیف آپریٹنگ آفیسر، لیثررلیگز، منیجر زیب خان، اسسٹنٹ منیجر سید شہروز حسن رضوی، کوچ گوہر زمان بھی کراچی سے روانہ ہوئے جب کہ برطانوی ہیڈ کوچ کیون ریوز ٹیم کو کریٹ میں جوائن کریں گے۔




