جیوانی میں پانی کی شدید قلت — ہنگامی فراہمی کے لیے اہم اجلاس، فوری اقدامات کا فیصلہ

22

گوادر: رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور کمشنر مکران قادر بخش پرکانی کی زیرِ صدارت جیوانی اور گردونواح کے علاقوں میں پانی کی ہنگامی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، اسسٹنٹ کمشنر سعد کلیم ظفر، ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے مکران ریحان دشتی اور ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مومن بلوچ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں علاقے میں پانی کی شدید قلت پر تفصیلی غور کیا گیا اور اس مسئلے کے فوری حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پرسون کلاتو بورنگ سے پانی حاصل کر کے جیوانی اور قریبی علاقوں کو واٹر باؤزرز کے ذریعے ہنگامی طور پر پانی فراہم کیا جائے گا۔

رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور کمشنر مکران نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ پانی کی ترسیل کے عمل کو تیز کریں اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔

Comments are closed.