گوادر میں پانی کی قلت، صوبائی حکومت نے واٹر ایمرجنسی نافذ کردی

17

کوئٹہ، 9 اکتوبر 2025: گوادر میں پانی کی شدید قلت کے پیش نظر صوبائی حکومت نے فوری اقدامات کے طور پر واٹر ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور پانی کی فراہمی پر عائد تمام ٹیکس معطل کر دیے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس میں حکام نے پانی کی قلت کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام پانی کی کمی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر فوری حل یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مقامی افسران کو ہدایت کی کہ اقدامات کو نتیجہ خیز بنایا جائے، اور اگر یہ فوری حل نہ ہوا تو وہ چیف سیکرٹری کے ہمراہ گوادر میں کیمپ لگا کر ذاتی طور پر پانی کی فراہمی کی نگرانی کریں گے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گیارہ غیر فعال ڈی سیلینیشن پلانٹس کی بحالی کے لیے فزیبلٹی رپورٹ ہنگامی بنیاد پر مکمل کی جائے گی تاکہ پانی کی قلت پر قابو پایا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ٹینکر مافیا کی بلیک میلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

Comments are closed.