اسلام آباد ہائی کورٹ نے پراپرٹی ٹیکس میں دو سو فیصد اضافے کا نوٹس معطل کردیا
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد کے شہریوں کیلئے پراپرٹی ٹیکس میں دو سو فیصد اضافے کا نوٹی فکیشن معطل کر تے ہوئے مقدمے کی پیروی تک شہریوں کے خلاف کارروائی سے بھی روک دیا ۔تفصیلات کے مطابق پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے حکم امتناع جاری کردیا، درخواست جماعت اسلامی کے میاں اسلم نے دائر کی تھی۔درخواست گزار کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن نے پراپرٹی ٹیکس پر دو سو فیصد اضافہ کیا ہے۔ اپنی اس درخواست میں جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں محمد اسلم نے ایم سی آئی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کر رکھا ہے۔ہائی کورٹ میں دائر کردہ درخواست میں موقف اختیار کیا گیاکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن نیٹیکس میں دو سو فیصد اضافہ کر کے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے اور اس سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے ایم سی آئی، سی ڈی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتے میں جواب طلب کرلیا ہے ۔ ہائی کورٹ نے کہاکہ آئندہ سماعت تک ایم سی آئی شہریوں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرے۔عدالت نے سی ڈی اے کے ریوینیو ڈائریکٹر کو بھی خود پیش ہونے کا حکم صادر کرتے ہوئے کہا کہ فریقین اگلی سماعت سے قبل اپنے تحریری جواب عدالت کے روبرو جمع کرائیں۔