وزیراعظم شہباز شریف کا آزاد کشمیر میں مذاکراتی عمل کی کامیابی پر خیرمقدم

16

Special Report / Askar International Desk

– اسلام آباد – وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں مذاکراتی عمل کی کامیابی اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی و جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان معاہدے کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کی انفرادی اور اجتماعی کاوشوں کو سراہتے ہوئے بھرپور شاباش دی اور اسے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی بڑی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے عوامی مفاد اور امن کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کی خدمت کرتی رہے گی اور کشمیری عوام سے گزارش کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے مسائل پر ہمیشہ توجہ دی گئی ہے اور حکومت نے ہمیشہ ترجیح بنیادوں پر ان مسائل کو حل کیا ہے۔ مذاکرات کی کامیابی پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اراکین کا بھی شکریہ ادا کیا اور امن کے قیام پر مبارکباد پیش کی۔ معاہدے کے تحت یکم اور 2 اکتوبر کے پرتشدد واقعات میں جاں بحق افراد کے ورثا کو سکیورٹی اہلکاروں کے برابر معاوضہ دیا جائے گا، زخمیوں کو 10 لاکھ روپے اور ورثا کو سرکاری نوکری فراہم کی جائے گی۔

معاہدے پر عملدرآمد کے لیے اعلی سطح کی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی گئی ہے، جس کی سربراہی وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام کریں گے۔ کمیٹی میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، آزاد کشمیر حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندے شامل ہوں گے۔ کمیٹی فیصلوں پر عملدرآمد اور تنازعات کے حل کی ذمہ دار ہوگی۔

Comments are closed.