وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی مولانا قاضی نثار پر حملے کی شدید مذمت، شفاف تحقیقات کا حکم
گلگت، 5 اکتوبر (خصوصی رپورٹ)
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے خطیبِ اہلِ سنت و الجماعت مولانا قاضی نثار پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور واقعے میں ملوث مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے امن و استحکام کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے آئی جی گلگت بلتستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ واقعے کی شفاف اور جامع تحقیقات کر کے اصل مجرموں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔
حاجی گلبر خان نے صوبائی سیکریٹری داخلہ سے دہشت گردی کے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے گلگت بلتستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اتحاد و اتفاق برقرار رکھتے ہوئے شرپسند عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں اور خطے میں امن و بھائی چارے کو فروغ دیں۔
Comments are closed.