فلم درج ناروے اور ڈنمارک میں 11 اکتوبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی
لاہور: شمعون عباسی نے عالمی سطح پر فلم کی ریلیز کے حوالے سے کہا ہے کہ فلم درج ناروے اور ڈنمارک میں گرین چِیلیز کے بینر تلے 11 اکتوبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔یاد رہے کہ فلم درج کی ہدایات کاری بھی شمعون عباسی نے کی ہے اور اس کی کہانی بھی انہوں نے ہی لکھی ہے، فلم میں مرکزی کردار بھی شمعون عباسی نے ہی کیا ہے اور ان کے ساتھ دیگر کاسٹ میں مائرہ خان، شیری شاہ، نعمان جاوید اور دیگر اداکار شامل ہیں۔آدم خور انسانوں کی کہانی پر مبنی فلم کو شمعون عباسی اور پروڈکشن ٹیم نے حقیقی رنگ دینے کے لیے کئی ماہ ریسرچ کی اور انہوں نے کافی وقت دنیا سے الگ تھلگ غاروں میں رہنے والے انسانوں کے ساتھ گزارا تاکہ اِن کے طرز زندگی کو صحیح روپ میں دکھا سکیں۔فلم کے ٹریلرز کو اب تک یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں جب کہ مداحوں کو فلم کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار ہے۔واضح رہے کہ شمعون عباسی کی تجسس خیز فلم درج کو رواں سال 11 اکتوبر کو دنیا بھر میں جب کہ 18 اکتوبر کو پاکستان میں نمائش کے لیے پیش کیا جانا تھا اور فلم کو عالمی کانز فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا جانا تھا۔