علم کا حصول ہر ایک کیلئے یکساں ہونا چاہئے ، گورنر بلوچستان

0 56

کوئٹہ : گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ ہمیں چاہیے کہ علم کی روشنی وہاں پہنچائیں جہاں تاریکی ہو اور زیور تعلیم سے انہیں آراستہ کریں جو اس نعمت سے محروم ہیں. وویمن یونیورسٹی میں فن پاروں کی نمائش میں رکھی گئیں تصاویر، مجسموں اور فن پاروں کو دیکھ کر دلی مسرت ہوئی اور یہ اندازہ ہوا کہ ہمارے نوجوان فنکارانہ صلاحیتوں کے اظہار میں بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی میں منعقدہ فن پاروں کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا. بعدازاں گورنربلوچستان نے چائنا سینٹر اور زیر تعمیر عمارتوں کا معائنہ بھی کیا. انہوں نے تعمیراتی کام میں معیاری مواد استعمال کرنے کی سختی سے ہدایت کی اور کہا کہ اس سلسلے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی. گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی کے احاطے میں صفائی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیروں کو دس دن کے اندر اندر اٹھا لیا جائے. دورے کے اختتام پر گورنر بلوچستان نے اساتذہ سے علیحدہ ملاقات کی اور انکے مسائل معلوم کیے. اس موقع پر قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نائید حق بھی موجود تھیں. گورنر بلوچستان کو یونیورسٹی کی کارکردگی اور درپیش مسائل پر بریفنگ دی گئی. گورنر بلوچستان نے کہا کہ کوئی معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا اور تعلیم کے فروغ میں اساتذہ بنیادی کردار ادا کرتے ہیں. انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ یونیورسٹی اور اساتذہ کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی. انہوں نے اس موقع پر مکمل کی گئی واٹر سپلائی سکیم کی فوری بحالی کیلئے متعلقہ محکموں کو بجلی اور گیس کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.