صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہاہے کہ تعلیم اورکھیل ہی وہ واحد راستہ ہے

0 27

کوئٹہ 03نومبر :۔صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہاہے کہ تعلیم اورکھیل ہی وہ واحد راستہ ہے جو معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتا ہے، جو قومیں تعلیم و کھیل کے میدان میں پیچھے رہ جاتی ہیں وہ ترقی کی منازل طے نہیں کرپاتیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بطور مہمان خصوصی 15 آل بلوچستان جے کے آئی کراٹے چیمپئنشپ 2019کے فائنل مقابلوںکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کھیل د ْرادشتی بلوچ، مشعل یوتھ سوسائٹی کے صدر محمد شاکر، سینئر صحافی نواز طاہر، محمد قیصر چوہان ، شاہ دوتانی، داد محمد لانگو، اسٹاف آفیسر ٹو وزیرداخلہ شہباز خان ،محمد عادل، حسین چنگیز ئی،جمعہ خان، نصراللہ، فدا خان دمڑ ودیگر بھی موجود تھے،

صوبائی وزیر داخلہ کا مزید کہناتھا کہ بدقسمتی سے کھیل کے کا شعبہ ماضی میںعدم توجہ کاشکار رہا ہے جس کے باعث کھیل کا معیار جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں ہوسکا، بچوں کی بہترین ذہنی نشوونما کے لئے بنیادی سطح پر کھیلوں کی فراہمی ضروری ہے، ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ ہم کھیل کے شعبے میں بہتری اور اصلاحات کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، یہ ہماری سماجی ذمہ داری بھی ہے جس کا ہمیں ادراک رکھنے کی ضرورت ہے، تاکہ ایک بہترین معاشرے کی تشکیل ہوسکے، اگر ہم اپنی سماجی ذمہ داریاں احسن انداز سے ادا کریں گے تو یقینا معاشرے میں اجتماعی بہتری آئے گی،

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے تعلیم کو اولین ترجیح دی ہے ۔ بلوچستان میں شرح خواندگی میں اضافے سے صوبے میں مجموعی بہتری اور تبدیلی آئے گی طلباء اس ضمن میں تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں اپنی محنت جاری رکھیں، آج کے جدید دور میں ٹیکنالوجی سے بھی بھرپور طریقے سے مستفید ہونے کی ضرورت ہے، صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ طلباء وطالبات ہمارا اثاثہ ہیں ان کی ذہنی صلاحیتوں اور استعداد کار میں جس قدر اضافہ ہوگا، اس کے مثبت اثرات پورا صوبہ محسوس کرے گا۔ صوبائی وزیرداخلہ نے طلباء کو اچھی سہولیات فراہم کرنے کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے بچوں کی کارکردگی کے تسلسل کو جاری رکھنے کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.