چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر نے اتوار کے روز خلیفہ بن زید میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا
کوئٹہ 03نومبر :۔چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر نے اتوار کے روز خلیفہ بن زید میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معا ئنہ کیا اس موقع پر صوبائی سیکرٹری صحت حافظ عبدالماجد اور ایم ایس خلیفہ بن زید میڈیکل کمپلیکس بھی انکے ہمراہ تھے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے
اور اس شعبے کو مزید بہتر کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے اسپتال میں مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے انہیں فراہم کی جانے والی علاج معالجہ کی سہولیات سے متعلق دریافت کیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔بعدازاں چیف سیکرٹری بلوچستان نے جبل نور میں زیر تجویز سیاحتی مقام کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے کہا
کہ صوبائی حکومت دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جس سے عوام کو تفریحی اور پرفضامقامات میسر ہو سکیں گے انہوں نے کہا کہ پہاڑ کو تفریحی مقام بنانے کی تجویز زیر غور ہے اس کو ترقی دے کر عوام اور سیاحوں کی توجہ حاصل کی جائے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سیاحت کے فروغ کا بہت پوٹینشل موجود ہے اور آئندہ مالی سال میں سیاحت کے شعبے کے فروغ کے منصوبے شامل کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں انہوں نے کوئٹہ کی مختلف سڑکوں کا بھی دورہ کیا۔