ہندوستان ہندو راشٹر ہے، آر ایس ایس کے سربراہ کی بڑھک
نئی دہلی: راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ(آر ایس ایس)کے سربراہ موہن بھاگوت نے بڑھک ماری ہے کہ ہندوستان ہندو راشٹر ہے اور یہی حقیقت و سچ ہے جسے کوئی بھی بدل نہیں سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسے ہم نے نہیں بنایا ہے، یہ تو ہمیشہ سے چلتا آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک یہاں ایک بھی ہندو ہے، یہ ہندو راشٹرہے اور یہی حقیقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی سب وقت و حالات کے حساب سے بدل سکتا ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق انتہا پسند جنونیوں کی ہندو جماعت آر ایس ایس کے سربراہ نے یہ بڑک دی آرایس ایس: روڈ میپ فار21 سنچری نامی کتاب کی تقریب اجرا سے خطاب کرتے ہوئے ماری۔سیاسی مبصرین گزشتہ کافی عرصے سے کہتے آئے ہیں کہ جنونی ہندوں کی پوری کوشش ہے کہ وہ کسی بھی دوسرے مذہب یا عقیدے سے تعلق رکھنے والے انسان کے لیے سانس لینا بھی ناممکن بنا دیں۔ جنونی ہندوں کی نمائندہ سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی گردانی جاتی ہے جو اس وقت برسراقتدار ہے اور اس نے وزارت عظمی کا منصب نریندر مودی کے حوالے کیا ہوا ہے۔مودی حکومت کے قیام کے بعد سے بھارت کی مختلف ریاستوں میں پیش آنے والے ہجومی تشدد کے بدترین سانحات دراصل اسی سوچ کے عکاس ہیں۔ تسلسل کے ساتھ ملک کے مختلف علاقوں میں یہ ہورہا ہے کہ بہانہ بنا کر دیہاڑے لوگوں کی بھیڑ اکھٹی ہوکر کسی بھی مسلمان کو نہ صرف انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنا کر جان سے مار دیتی ہے بلکہ اس سے زبردستی ہندوآنہ نعرے بھی لگوا کر اپنی جھوٹی انا کو تسکین پہنچاتی ہے۔