بلوچستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز، اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے: وائس چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ بلال خان کاکڑ

23

کوئٹہ، 1 اکتوبر — بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبے میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اپنی انتھک محنت اور وژن کے ساتھ صوبے کو پسماندگی سے نکال کر خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ بلوچستان میں صنعتی و معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ سرمایہ کاری بورڈ کی کوششوں اور حکومتی تعاون سے صوبے میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے جس سے نہ صرف صوبے کی معیشت مستحکم ہوگی بلکہ عوام کو روزگار کے ہزاروں مواقع بھی میسر آئیں گے۔

بلال خان کاکڑ نے کہا کہ حب میں 5 ارب روپے لاگت سے جھینگا فارمنگ کا جدید منصوبہ صوبے کی معیشت کو تقویت دینے کے ساتھ ماہی پروری کے شعبے کو نئی سمت فراہم کرے گا۔ مزید بڑے منصوبے بھی شروع کیے جا رہے ہیں جو قدرتی وسائل کو بروئے کار لا کر صنعتی شعبے کو وسعت دینے کا باعث بنیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ بلوچستان مستقبل قریب میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن سکے۔

Comments are closed.