سیکریٹری صحت بلوچستان کا تربت میں زیر تعمیر ٹیچنگ اسپتال اور مکران میڈیکل کالج کا دورہ
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
تربت، یکم اکتوبر: صوبائی سیکریٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن قمبرانی نے تربت میں زیر تعمیر ٹیچنگ اسپتال اور مکران میڈیکل کالج ہسپتال کا تفصیلی معائنہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اعلیٰ سرکاری افسران اور عوامی نمائندگان بھی ہمراہ تھے۔
یہ دورہ ڈویژنل ہیڈکوارٹر تربت میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی میر ظہور احمد بلیدی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے تسلسل میں کیا گیا، جس میں امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا گیا۔
معائنے کے دوران سیکریٹری صحت نے تعمیراتی معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت دی کہ منصوبوں کو بروقت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے مکران ڈویژن کے عوام کے لیے انقلابی قدم ہیں، جن سے جدید اور معیاری طبی سہولیات عوام کو ان کی دہلیز پر فراہم ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل عوامی ریلیف کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی۔
عوامی نمائندگان اور افسران نے سیکریٹری صحت کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
Comments are closed.