دورہ پاکستان،سری لنکا نے فل اسٹرینتھ ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا
کولمبو: سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان کیخلاف2 میچز کی ٹیسٹ سیریز کے لیے فل اسٹرینتھ سری لنکن ٹیم کا اعلان کردیا۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز آئندہ ماہ ہوگی اور دمتھ کرونارتنے کی قیادت میں سری لنکن ٹیم 8دسمبر کو پاکستان پہنچے گی۔آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 11دسمبر سے راولپنڈی جب کہ دوسرا ٹیسٹ 19دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔یہ مارچ 2009کے بعد پاکستانی سرزمین پر پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی اور سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد ملک میں تھم جانے والا ٹیسٹ کرکٹ کا سلسلہ سری لنکن ٹیم کی آمد کے ساتھ ایک بار پھر شروع ہوگا ۔2009میں پیش آنے والے سانحے کا شکار ہونے والی سری لنکن ٹیم کے رکن سرنگا لکمل بھی دو ٹیسٹ میچز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیم میں شامل ہیں۔سری لنکا کوتمام ٹاپ ریگولر ٹیسٹ کھلاڑی دورے کے لیے دستیاب ہیں جس کے بعد فل اسٹرینتھ ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے۔سری لنکن ٹیم کی قیادت دمتھ کرونارتنے کریں گے جب کہ اینجیلو میتھیوز ، چندی مل، کوسال پریرا ،نیروزن ڈک ویلا، سرنگا لکمل، سنداکان، کاسون راجتھا، وشوا فرنینڈو،لاہیرو کمارا، لاستھ ایمبولدینیا، دلروان پریرا ، دھننجایا ڈی سلوا،لاہیرو تھیری مانے اور اوشاندہ فرنینڈو بھی سری لنکن ٹیم میں شامل ہیں۔