
دبئی: سابق اسٹائلش ٹیسٹ کرکٹر ہاشم آملہ نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کی بہت تعریف سنی ہے، اس بار کھیل کر خود تجربہ کروں گا۔36سالہ سابق جنوبی افریقی کپتان ہاشم آملہ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے بارے میں بہت کچھ سن رکھا ہے، جن کھلاڑیوں نے بھی پی ایس ایل میں شرکت کی ہے اور میری ان سے بات ہوئی ہے تو انہوں نے پی ایس ایل کو شاندار قرار دیا اور لیگ کے معیار کو بھی اعلیٰ کہا ہے۔ہاشم آملہ نے کہا کہ مجھے چند برسوں میں پی ایس ایل کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا ہے لیکن اس مرتبہ پی ایس ایل کھیلوں گا اور خود پی ایس ایل کھیل کر تجربہ کروں گا۔ ہاشم آملہ جنوبی افریقا کی جانب سے ٹرپل سنچری بنانے والے واحد بیٹسمین ہیں، انہوں نے 2012میں انگلینڈ کے خلاف 311ناٹ آوٹ رنز بنائے۔ ہاشم آملہ نے 181ون ڈے میچز میں 27سنچریوں کے ساتھ 8113رنز بنائے اور انہیں 44ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا بھی تجربہ ہے۔ہاشم آملہ نے فاف ڈپلیسی کی قیادت میں 2017میں ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان کا دورہ کیا اور انہوں نے لاہور میں تین میچز کھیلے۔آملہ کہتے ہیں کہ 2017میں پاکستان کا دورہ اچھا تھا، وقت اچھا گزرا لوگوں نے شاندار میزبانی کی، اب بھی موقع ملتا ہے تو میں پاکستان ضرور آوں گا۔




