محکموں کی بہتری کے لئے ان کی استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان
کو ئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ نظام کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لئے ایک اچھے میکنزم کی ضرورت ہوتی ہے، محکموں کی بہتری کے لئے ان کی استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے دورے پر آئے ہوئے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ نے صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں، صوبے کی معاشرتی صورتحال او راس سے متعلق دیگر امور پر تفصیلی بات کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کی مجموعی صورتحال بہتر بنانے اور محکموں کی کارکردگی کو موثر بنانے کے حوالے سے تمام محکموں میں بنیادی سطح پر اصلاحات کررہی ہے، عوام کو تمام بنیادی ضروریات زندگی پانی، تعلیم اور صحت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صوبے میں مواصلات کے نظام کو مزید موثر بنایا جارہا ہے، شرکا کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ گذشتہ ادوار میں بہت سے منصوبے شروع کئے گئے لیکن فنڈز نہ ہونے کے باعث وہ منصوبے عدم تکمیل کا شکار ہیں لیکن موجودہ صوبائی حکومت نے بہترین عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے ترقیاتی منصوبے تشکیل دیئے ہیں جن کی بروقت تکمیل ممکن ہوسکے، رواں مالی سال کے بجٹ میں ان تمام محکموں کے لئے بھی فنڈز رکھے گئے ہیں، جنہیں ماضی میں نظر انداز کیا گیا اور اس ضمن میں شفافیت کے عنصر کو بہتر بنانے کے لئے تمام اسکیمات کی بہترین مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے اور بہت سی جعلی اسکیمات کو پی ایس ڈی پی سے خارج کیا گیا ہے،وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل اور ان کے موثر حل کے حوالے سے سوشل میڈیا کا پلیٹ فارم بھی استعمال کیا جارہا ہے جہاں عوام براہ راست اپنے مسائل کو حکومت تک پہنچاتے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ لیویز میں بھی صوبائی حکومت اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے تاکہ اس محکمے کی استعداد کار کو بڑھایا جاسکے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کا رقبہ بہت وسیع ہے صوبے میں بہت سے ایسے علاقے ہیں جو انفراسٹرکچر سے محروم ہیں لیکن صوبائی حکومت صوبے کی طویل ساحلی پٹی، معدنیات، زراعت اور لائیواسٹاک کے شعبوں سے خاطر خواہ فائدہ اٹھانے کی پالیسی پر گامزن ہے جس سے صوبے کی معیشت بہتر ہوگی اور صوبہ خود کفالت کی جانب گامزن ہوگا جبکہ صوبے کے ایسے اضلاع جو قومی گرڈ سے منسلک نہیں ہیں انہیں قومی گرڈ سے منسلک کرنے اور شمسی توانائی کو بروئے کار لاتے ہوئے وہاں توانائی کی طلب کو پورا کیا جارہا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ نظام کوجدید خطوط پر استوار کرکے بلوچستان کے وسائل کو ملک اور صوبے کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لئے بروئے کار لایا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے تحفظ کے لئے سیکیورٹی فورسز کی قابل قدر خدمات اور قربانیاں ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا جس کی بدولت ملک میں امن وامان کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے، بعدازاں وزیراعلیٰ بلوچستان اور نیشنل ڈیفینس یونیورسٹی وار کالج کے چیف انسٹرکٹر میجر جنرل عنایت حسین نے شیلڈز کا تبادلہ کیا۔