آزادی مارچ کے بعد ہائی ویز سمیت پورا ملک بند کر دیں گے، اکرم درانی

0 24

اسلام آباد:  اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے کنوینیئر اکرم درانی نے کہا ہے کہ ہمارا دھرنا صرف عمران خان کے خلاف ہے کسی اور کے خلاف نہیں، آزادی مارچ کے بعد ہائی ویز سمیت پورا ملک بند کر دیں گے، شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری دونوں کی مجبوریاں تھیں، میں اپنے اثاثے الیکشن کمیشن میں ظاہر کر چکا ہوں۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی (ف)کے رہنما اکرم درانی نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا 500 لوگ کہیں تو استعفی دے دوں گا، ہم 9 اپوزیشن جماعتوں کے 4 کروڑ 72 لاکھ لوگ لے آئے ہیں، بلاول بھٹو زرداری، شہباز شریف اور دیگر جماعتوں کے قائدین اپنی پارٹی اور ووٹرز کی نمائندگی کرتے ہیں۔اکرم درانی کا کہنا تھا کہ پوری اپوزیشن آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی، ہمارا دھرنا عمران خان کے خلاف ہے کسی اور کے خلاف نہیں، ہم جمہوری لوگ ہیں احتجاج کے دوران ایک گملا یا پتہ نہیں ٹوٹا، لوگوں کے اتنے بڑے مجمعے پر طاقت کے استعمال کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، آزادی مارچ کے بعد ہائی ویز سمیت پورا ملک بند کر دیں گے اور جیل بھرو تحریک شروع کریں گے۔رہبر کمیٹی کنوینئر نے مزید کہا کہ شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری دونوں کی مجبوریاں تھیں، جس وجہ سے وہ آج نہیں آئے، مریم نواز کی ضمانت کے فیصلے کے باعث شہباز شریف کو وہاں جانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے اثاثے الیکشن کمیشن میں ظاہر کر چکا ہوں، ایف آئی اے، نیب اور ایجنسیاں ظاہر کردہ اثاثوں سے ایک مرلہ زیادہ زمین یا ایک روپیہ زیادہ لے آئیں تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.