صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی میں صوبہ بلوچستان خاص طور سے اہمیت کے حامل ہے

0 31

کوئٹہ 02نومبر :۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی میں صوبہ بلوچستان خاص طور سے اہمیت کے حامل ہے، ملک دشمن قوتیں ترقیاتی عمل اور لوگوں کی خوشحالی کے پروگرام کو ناکام بنانا چاہتی ہیں، ترقیاتی اہداف کے حصول سے ترقی مخالف عناصر کا ایجنڈا ناکام بنائیں گے، ان خیالات کا اظہا رانہوں نے امن وامان کی صورتحال اور ترقیاتی امور کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہے لہٰذا ان کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی، صوبائی وزیر داخلہ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ قلات اور خالق آباد میں قومی شاہراہوں اور ترقیاتی منصوبوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے جبکہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں اور رواں مالی سال کے بجٹ میں شامل نئے ترقیاتی منصوبوں پر فوری طور پر عملدرآمد کا آغاز کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے شہر کی ترقی کے ماسٹرپلان میں شہری سہولتوں کی فراہمی کو ترجیح دینے کی ہدایت بھی کی، صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ قلات اور خالق آباد شہر کی توسیع کے لئے ہاؤسنگ سوسائٹی کے منصوبے کا قیام جلد شروع کیا جائے گا جس سے شہر پر آبادی کا دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ شہر کے نکاسی آب کے منصوبے پر بھی فوری عملدرآمد کا آغاز کیا جائے گا.صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے مزیدکہاکہ صوبے میں امن واما ن کی صورت حال کو بر قرار رکھنے کیلئے موجودہ حکومت مو ثر اقدامات اْٹھا رہی ہے جس سے صوبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور ترقیاتی عمل کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔تاہم ترقی کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے مو زوں اورپر امن ماحول کو یقینی بنایا جانا ضروری ہے۔ لہذا بلوچستان کو امن وترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے حکومتی اقدامات میں ہر طبقہ فکر کی شراکت داری ضروری ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.