ماسکو ، چہار فریقی ملاقات، افغانستان میں قیام امن کا واحد حل مذاکرات ہیں
ماسکو: روس کے دارلحکومت میں روسی، چینی، امریکی و پاکستانی اہلکاروں کی ملاقات ہوئی جس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے واحد راستہ مذاکرات ہی ہیں،شرکا نے امریکا پر زور دیا کہ وہ طالبان کے ساتھ زیر غور معاہدے کو حتمی شکل دے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق روس، چین، امریکا اور پاکستان کے مندوبین نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے واحد راستہ مذاکرات ہی ہیں۔ ماسکو میں گزشتہ روز منعقدہ مذاکرات میں طالبان اور امریکی وفد کے مابین مذاکرات کی بحالی پر بھی زور دیا گیا۔ شرکا نے امریکا پر زور دیا کہ وہ طالبان کے ساتھ زیر غور معاہدے کو حتمی شکل دے۔ افغانستان میں جنگ کے خاتمے کے لیے آئندہ مذاکرات چین میں منعقد ہوں گے، جن میں افغانستان کے مختلف متحارب گروپوں کی شرکت متوقع ہے۔ یہ مذاکرات آئندہ ہفتے ہونے ہیں تاہم ان کے ملتوی ہونے کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں اور یہ واضح نہیں کہ آیا یہ اب اگلے ہفتے ہی ہوں گے۔