پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحالی کی راہ پر گامزن،سری لنکا کے بعد بنگلہ دیش ویمنز ٹیم لاہور پہنچ گئی

0 43

لاہور: پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال کی راہ پر گامزن ہے اور سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کامیاب دورے کے بعد اب بنگلا دیش کی ویمن کرکٹ ٹیم بھی پاکستان پہنچ گئی ہے۔بنگلا دیش ویمن کرکٹ ٹیم لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچی جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)ویمن ونگ کی عہدیداروں نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا جس کے بعد مہمان کھلاڑیوں کو ہوٹل پہنچایا گیا۔دوسری جانب پاکستان ویمن کرکٹ سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کیخلاف ہوم سیریز کے 3ٹی ٹوینٹی میچز کے لیے بسمہ معروف کی قیادت میں 15رکنی ٹیم کا اعلان کردیاہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران چیف سلیکٹر عروج ممتاز نے کہا کہ ٹیم جونیئرز اور سینئرز کا کامبی نیشن ہے، سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا جارہا ہے تاکہ مستقبل کے لیے تیاری کی جاسکے۔ بسمہ معروف کی قیادت میں منتخب ٹیم میں عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، ارم جاوید، جویریہ خان، کائنات امتیاز، ناہیدہ خان، عمیمہ سہیل، صبا نذیر، سعدیہ اقبال، ثنا میر، سدرا امین اور سدرا نواز شامل ہیں۔ندا ڈار آسٹریلیا میں بیگ بیش لیگ کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گی جب کہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز میں شامل رامین شمیم بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں۔رامین شمیم ان دنوں کولمبو میں پاکستان ویمن ایمرجنگ ٹیم کی قیادت کررہی ہیں تاہم امکان ہے کہ انہیں ون ڈے اسکواڈ کے لیے طلب کیا جائے گا۔جویریہ روف، ایمن انور، ناشرہ سندھو اور فاطمہ ثنا بھی بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز میں منتخب نہیں ہوئیں۔ فیصل آباد سے کھیلنے والی سعدیہ اقبال کو پہلی بار پاکستان ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے جب کہ عائشہ ظفر کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ ناہیدہ خان نے جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلی تھی تاہم اب وہ ٹی ٹوینٹی اسکواڈ کا بھی حصہ بنی ہیں جب کہ صبا نذیر کو بھی دوبارہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔صبا نذیر کو اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے اسکواڈ میں بھی شامل کیا گیا تھا مگر وہ کوئی میچ نہیں کھیل پائی تھیں۔چیف سلیکٹر عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش سے سیریز ٹیم کے لیے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگی اور ورلڈ کپ کے لیے کور گروپ کی شناخت کا بھی موقع ملے گا۔بنگلا دیش اور پاکستان ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی اور دو ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جائیں گی۔دونوں ٹیمیں(آج)جمعرات کو ٹریننگ کریں گی جب کہ ٹرافی کی رونمائی بھی (آج) ہی ہو گی۔شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 26، دوسرا 28اور تیسرا 30اکتوبر کو کھیلا جائے گا جب کہ ون ڈے میچز 2اور 4نومبر کو ہوں گے۔ تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے جسے دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کا داخلہ فری ہے لیکن اسٹیڈیم آنے والوں کو شناختی کارڈ ساتھ لانا ہو گا۔تمام میچز کے لیے اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیز کی طالبات کو خصوصی طورپر مدعو کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.