یمن، ہتھیاروں کے ڈپو میں دھماکا، 20سے زیادہ حوثی ہلاک
صنعاء: یمن کے مغربی شہر الحدیدہ میں جمعے کے روز ایک عمارت میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں بیس سے زیادہ حوثی باغی مارے گئے اور متعدد زخمی ہو گئے۔یمنی مشترکہ مزاحمتی فورسز کے عسکری میڈیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ دھماکا اسٹریٹ 50 پر حوثیوں ملیشیا کے زیر قبضہ رہائشی علاقے میں واقع عمارت میں ہوا۔ حوثیوں نے اس عمارت کو ہتھیاروں اور گولہ بارود کا گودام بنا رکھا ہے۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ دھماکا انتہائی زور دار تھا جس کے نتیجے میں اسٹریٹ 50 پر قریبی گھر لرز گئے اور خواتین اور بچوں میں دہشت پھیل گئی۔چند روز قبل الحدیدہ صوبے کے جنوبی ضلع حیس کے ایک رہائشی علاقے میں بھی حوثی ملیشیا کے ہتھیاروں کے ایک ڈپو میں اسی نوعیت کا دھماکا ہوا تھا۔ اس کے نتیجے میں ڈپو والا گھر اور تین دیگر مکانات تباہ ہو گئے۔ واقعے میں تین مسلح حوثی ہلاک اور اور سات شدید زخمی ہوئے۔