ہالی ووڈ اداکارہ جینیفر آنسٹن کا ورلڈ ریکارڈ
لاس اینجلس : نامور ہالی ووڈ اداکارہ جینیفر آنسٹن نے انسٹاگرام پرپانچ گھنٹوں میں ایک ملین فالوورز بنا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ بنالیا۔ 50 سالہ اداکارہ جینیفر آنسٹن جو اب تک سوشل میڈیا کے اہم ترین پلیٹ فارم انسٹاگرام سے دور تھیں تاہم انہوں نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر اکانٹ بنایا اور دیکھتے ہی دیکھتے محض 5 گھنٹوں کے اندر ان کے فالوورز کی تعداد ایک ملین (دس لاکھ) ہوگئی۔ اس سے قبل انسٹاگرام پر سب سے جلدی فالوورز بنانے کا ریکارڈ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے پاس تھا۔ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے اپریل میں انسٹاگرام پر اکانٹ بنایا تھا اور اکانٹ بنانے کے محض 5 گھنٹے 45 منٹ کے اندر ان کے فالوورز کی تعداد ایک ملین ہوگئی تھی۔تاہم جینیفر آنسٹن نے یہ ریکارڈ اس وقت توڑ ڈالا جب 5 گھنٹے 16 منٹ میں ان کو فالو کرنے والے لوگوں کی تعداد ایک ملین ہوگئی۔ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کاریکارڈ توڑنے کے بعد جینیفر نے ایک ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی جس میں وہ اپنا موبائل توڑتے ہوئے نظر آرہی ہیں۔واضح رہے کہ محض 3 دنوں کے اندر جینیفر آنسٹن کے فالوورز کی تعداد 13 ملین سے زائد ہوگئی ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنے اکانٹ میں صرف 3 پوسٹیں شیئر کی ہیں۔