
اسلام آباد : پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اعجاز ارحمن نے کہا ہے کہ7 رکنی قومی ٹیم ایشین ٹین پن بائولنگ چمپئن شپ میں شرکت کیلئے 19اکتوبر کو کویت روانہ ہوگی۔گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایشین ٹین پن بائولنگ چمپئن شپ آئندہ 20سے 30اکتوبر تک کویت میں کھیلی جائے گی جس میں 16ایشیائی ممالک کے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں میزبان کویت ، پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، فلپائن، ملائیشیا ، قطر، متحدہ عرب امارات، ایران، افغانستان، بحرین، سعودی عرب، چین، ہانگ کانگ، تھائی لینڈ اور مکائو شامل ہیں،چمپئن شپ میں مختلف تین کیٹگریز کے مقابلے منعقد ہونگے جن میں سنگلز، ڈبلز اور ٹیم ایونٹ شامل ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم سات کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی جن میں محمد صالح،ا حمر عباس سڈھرا، علی سوریا، امجد محمود، عبداللہ، دنیال شاہ اور ساجد شاہ شامل ہیں ، ٹیم کے ہمراہ خواجہ احمد بطور منیجر ہونگے۔




