
ابوظہبی: آئی سی سی مینز ٹی 20ورلڈ کپ کوالیفائر 2019کا آغاز 18اکتوبر سے یو اے ای میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں 14ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں سکاٹ لینڈ، ہالینڈ، پاپوا نیو گنی، نمیبیا، سنگاپور، کینیا اور برمودا جبکہ گروپ بی میں متحدہ عرب امارات، آئرلینڈ، اومان، ہانگ کانگ، کینیڈا، جرسی اور نائیجیریا شامل ہیں۔گروپ اے کے تمام میچز دبئی میں کھیلے جائیں گے جبکہ گروپ بی کے میچوں کی میزبانی ابوظہبی کرے گا، ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز چار میچ کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں سکاٹ لینڈ اور سنگاپور کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، دوسرا میچ ہانگ کانگ اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، تیسرے میچ میں کینیا اور ہالینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ چوتھا میچ یو اے ای اور اومان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں گروپس کی ٹاپ دو ٹیمیں نہ صرف سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی بلکہ آسٹریلیا میں شیڈول میگا ایونٹ کے ابتدائی رائونڈ میں پہنچ جائیں گی۔ باقی چھ ٹیموں کے درمیان پلے آف رائونڈ ہوگا اور مزید دو ٹیمیں ورلڈ کپ کے ابتدائی رائونڈ کیلئے کوالیفائی کریں گی۔




