
کراچی : ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والوں کو کراچی سے سپورٹ حاصل تھی اور یہ حملہ کسی ایک تنظیم کی جانب سے نہیں کیا گیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے کہاکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی پہلے سے تھریٹ تھی جس کی وجہ سے سیکیورٹی بڑھائی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کو کراچی سے سپورٹ حاصل تھی اور یہ حملہ کسی ایک تنظیم کی جانب سے نہیں کیا گیا۔ کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ چینی قونصلیٹ اورپی ایس ایکس پر حملیکا ماسٹر مائنڈ ایک ہی لگتا ہے، دونوں حملوں کی کافی چیزیں مماثلت رکھتی ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی نے مزید کہا کہ مختلف سلیپر سیل سرگرم دکھائی دے رہے ہیں، حملے کے وقت دہشتگردوں کے ساتھ بیک اپ پر کوئی موجود نہیں تھا جب کہ حملہ آوروں سے ملنے والے اسلحے اور ایمونیشن سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔




