حیدرآباد میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری
حیدر: حیدرآباد میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن کے لیے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے،حیدرآباد کے 90 سے زائد علاقوں میں 19 جون سے 2 جولائی تک 14 روز کا لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔ حیدرآباد کے ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو کے مطابق حیدرآباد کے 90 سے زائد علاقوں میں 19 جون سے 2 جولائی تک 14 روز کا لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن کا اطلاق 19 جون کی صبح 9 بجے سے شروع ہوگا، اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کو پولیس، رینجرز اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر یقینی بنائیں گے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران کسی بھی شخص کو فیس ماسک کے بغیر گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، لاک ڈاؤن کے حامل علاقوں میں داخلہ یا اخراج کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ لاک ڈاؤن کے حامل علاقوں میں تمام ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز، مارکیٹس اور دفاتر بھی بند رہیں گے، میڈیکل اسٹورز 24 گھنٹے جب کہ دیگر دکانیں صبح 7 سے دوپہر 2 بجے تک کھولی جا سکیں گی۔