تعلیمی اداروں میں سہولیات کی ہم فراہمی اور اساتذہ کی تعیناتی اور حاضری کو یقینی بنایا جارہا ہے، صوبائی مشیر تعلیم

0 47

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے ثانوی تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ صوبے میں شرح خواندگی میں اضافے کیلئے خاطرخواہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ تعلیمی اداروں میں سہولیات کی ہم فراہمی اور اساتذہ کی تعیناتی اور حاضری کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ دور دراز اضلاع کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو دور کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن صوبائی اسمبلی نوابزادہ گہرام بگٹی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ ماضی میں صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا گیا۔ اگر تعلیم پر خصوصی توجہ دی جاتی تو آج صوبے میں خواندگی کی شرح میں اضافہ دیکھنے کو ملتا۔ سابقہ حکومتوں میں بجٹ میں تعلیم کیلئے مختص رقوم کے درست استعمال کو یقینی نہیں بنایا گیا جس کی وجہ سے صوبے میں تعلیمی تنزلی میں اضافہ ہوتا گیا۔ مشیر تعلیم نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں تعلیم کے شعبے کیلئے خطیر رقوم مختص کی گئی ہے جن کے بروقت اور درست استعمال سے صوبے میں تعلیمی اداروں کی حالت بہتر ہونے کے علاوہ تعلیمی شرح میں بھی اضافہ ممکن ہوسکے گا۔ محمد خان لہڑی نے کہا کہ تعلیم کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ موجودہ حکومت تعلیمی شعبے کی ترقی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ اساتذہ کی غیر حاضریوں پر قابو پانے کیلئے سخت مانیٹرنگ پالیسی اپنائی جارہی ہے جس سے سکولوں میں اساتذہ کی غیرحاضریوں پر کافی حد تک قابو پالیاگیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سکولوں کی حالت زار بہتر کرنے کیلئے تعلیمی اداروں کیلیے مختص رقوم کے درست استعمال پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس کی وجہ سے سکولوں کی حالت کافی حدتک بہتر ہوئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.