چین میں رونالڈو کا 7 میٹر بلند مجسمہ نصب، مداحوں کا منفرد انداز میں خراجِ تحسین
فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کے مداحوں نے چین کے شہر شنگھائی میں انہیں منفرد انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا جہاں پرتگالی فٹبالر کا 7 میٹر بلند مجسمہ متعارف کرایا گیا۔ مجسمے میں رونالڈو کو ان کے مشہور ’سیوو‘ جشن کے انداز میں دکھایا گیا ہے جبکہ انہوں نے پرتگال کی نمبر 7 والی جرسی پہن رکھی ہے۔
مجسمے کی رونمائی شنگھائی کے ایک میوزیم کے باہر کی گئی جس میں بڑی تعداد میں فٹبال شائقین نے شرکت کی۔ رونالڈو خود تقریب میں موجود نہیں تھے، تاہم ان کے بڑے بھائی ہیوگو ایویرو اور قریبی دوست میگوئل پائیکساو تقریب میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر مداحوں نے بھی رونالڈو کے مخصوص انداز میں جشن منایا۔
تقریب کے ساتھ شنگھائی میں سی آر 7 میوزیم کا افتتاح بھی کیا گیا۔ تقریباً 3 ہزار مربع میٹر پر پھیلے اس میوزیم میں 10 خصوصی حصے بنائے گئے ہیں جہاں رونالڈو کے کیریئر سے وابستہ 40 سے زائد یادگار اشیا، ٹرافیاں، جرسیز اور فٹبال شوز رکھے گئے ہیں۔ میوزیم میں ان کے آبائی علاقے مڈیرا میں واقع بچپن کے بیڈ روم کے طرز کا روم بھی تیار کیا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق رونالڈو کا مجسمہ دسمبر 2026 کے اختتام تک نمائش کے لیے رکھا جائے گا جبکہ میوزیم ایک سال تک کھلا رہنے کی توقع ہے۔
