استنبول: ساتویں عالمی ویمن سمٹ، اعظم نذیر تارڑ کی قیادت میں پاکستانی وفد کی شرکت
وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ کی قیادت میں پاکستانی وفد نے ترکیہ کے شہر استنبول میں منعقدہ ساتویں عالمی ویمن سمٹ میں شرکت کی، جہاں خواتین اور بچیوں کے حقوق کے تحفظ، انہیں بااختیار بنانے، مساوی مواقع کی فراہمی اور پاک ترکیہ تعاون کے فروغ سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔
ساتویں عالمی ویمن سمٹ کا انعقاد ترکیہ کی وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات ماہینور اوزدمیر گوکتاش کی میزبانی میں کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے وفود نے شرکت کی۔ کنوینئر برائے جینڈر مین اسٹریمنگ سارہ احمد بھی پاکستانی وفد کے ہمراہ سمٹ میں شریک ہوئیں۔
وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے، مساوی حقوق، تعلیم اور معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خواتین کو مساوی حقوق، باوقار مقام اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی سیاسی، معاشی، سماجی اور پیشہ ورانہ شعبوں میں بھرپور شمولیت پاکستان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، خواتین کو تعلیم، روزگار، معاشی خودمختاری اور فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر نمائندگی کے مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو بچیوں کے تحفظ، تعلیم، بحالی اور بااختیاری کے لیے قابلِ قدر اقدامات کر رہا ہے، خواتین کے حقوق کا تحفظ، سماجی تحفظ کے مؤثر اقدامات اور خواتین کی استعدادِ کار میں اضافہ حکومت پاکستان کی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اسلام خواتین کو عزت، مساوات اور بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے اور خواتین کے حقوق کا تحفظ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
سمٹ کے موقع پر پاکستانی وفد نے ترکیہ کی وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات ماہینور اوزدمیر گوکتاش سے دوطرفہ ملاقات بھی کی، جس میں خواتین کو بااختیار بنانے اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں کم عمری کی شادی کی روک تھام، بچیوں کے حقوق کے تحفظ اور خواتین کے لیے تعلیم و ترقی کے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔
پاکستانی وفد نے صدرِ ترکیہ رجب طیب اردوان کی صاحبزادی سمیہ اردوان سے بھی ملاقات کی، جس میں خواتین کی ترقی اور بااختیاری سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔
ملاقاتوں میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان خواتین کے حقوق کے تحفظ اور کم عمری کی شادی جیسے اہم سماجی مسئلے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
