تحریک انصاف طالبان اور افغانستان کی تابعداری اور حمایت کرنا چاہتی تھی، پرویز خٹک

0

سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے داخلہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) طالبان اور افغانستان کی تابعداری اور حمایت کرنا چاہتی تھی۔

آج نوشہرہ میں گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر ختونخوا نے کہا کہ پرویزخٹک نےسیاست میں طویل اننگز کھیلی ہیں، پرویزخٹک اپنےدورمیں اپوزیشن کے ساتھ مل کر صوبےکی ترقی کے لیےکام کرتے تھے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ باہمی مشاورت سےصوبے کو آگے لےجانے اور ترقی کےلیےکام کرناہے، مختلف سیاسی قائدین سےملاقاتوں کا مقصد وفاق کے ساتھ مسائل کے حل کی راہیں تلاش کرنا ہے، وفاق کے ساتھ مل کر ایک پیج پر کام کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پشاور میں ایپکس کمیٹی کا تاریخی اجلاس منعقد ہوا، وزیراعظم نے دورہ پشاور کے موقع پر مختلف مسائل سنے اور حل کے لیے اقدامات بھی کیے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی سے دیرینہ تعلقات ہیں، ان سے صوبےکے مسائل پر تفصیلی بات ہوئی، اپنے دور حکومت میں جو کام شروع کیےاب ان کو آگے لے کر جاناہے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ابھی آزاد ہوں، کسی دوسری سیاسی جماعت میں شامل ہونے کا ارادہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گورنر راج کا فیصلہ مشکل تھا، سیاسی طور پر ایسا فیصلہ اچھا نہیں ہوتا، حالات ایسے پیدا کیے گئے کہ مجبوری میں گورنر راج نافذ کرنا پڑا، اگر پی ٹی آئی میں کوئی سوچنے سمجھنے والا ہوتا تو ایسا کبھی نہ ہوتا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی طالبان اور افغانستان کی تابعداری اور حمایت کرنا چاہتی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.