افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال ہوئی تو پاکستان ہراقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے، طارق فضل چوہدری
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا ہےکہ افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی ہر صورت ختم کریں گے، افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہوئی تو پاکستان ہر اقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو میں طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ افغان حکام کی پاکستان کے خلاف الزام تراشی بے بنیاد اور ناقابل قبول ہے،افغانستان پاکستان پر الزامات کے بجائے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، افغانستان اپنے ملک میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے ختم کرے۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دراندازی کے ٹھوس شواہد افغان حکام کو فراہم کیے ہیں، استنبول اور دوحہ مذاکرات میں بھی افغان نمائندوں کو شواہد دیےگئے،مذاکرات کے باوجود افغان عبوری حکومت دراندازی روکنے میں ناکام رہی، پاکستان پر جارحیت مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائےگا، حکومت اور سکیورٹی ادارے دراندازی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اداروں سے عدم تعاون کے باعث خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کی گئی، دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں خیبرپختونخوا انتظامیہ کا تعاون حاصل ہے، افغانستان سے ہونے والی دراندازی روکنےکے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔
